ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں متحدہ عرب امارات ٹیم کے کارتھک میاپن نے سری لنکا کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کرکے میگاایونٹ کے رواں سیزن کی پہلی ہیٹ ٹرک بنادی۔
آسٹریلیا کے شہر جیلونگ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے راؤنڈ ون میں گروپ اے کے میچ میں کارتھک میاپن نے سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔
سری لنکا کی اننگز کے دوران پندرہویں اوور کی آخری تین گیندوں پر کارتھک میاپن نے مسلسل تین وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے بھانوکا راجاپکسا، چرتھ اسالانکا اور کپتان دسن شاناکا کارتھک کا شکار بنے۔
کارتھک میاپن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر ہیٹ ٹرک کرنے والے پانچویں باؤلر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے ایڈیشن میں ایک اور گزشتہ سال کھیلے گئے ایونٹ میں تین ہیٹ ٹرک ہوئی تھیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2007 میں آسٹریلیا کے بریٹ لی نے بنگلہ دیش کے خلاف سب سے پہلی ہیٹ ٹرک کی تھی۔ گزشتہ سال کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا اور جنوبی افریقہ کے کگسیو رباڈا نے ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔