کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خاتون پر تشدد کرنے والے گارڈ کو عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے 13 اگست تک ملزم کو پولیس ریمانڈ میں دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں گلستان جوہر میں گارڈ کے خاتون پرتشدد کے معاملے پر کیس کی سماعت ہوئی۔
پولیس نے گرفتار ملزم سیکیورٹی گارڈ کو عدالت میں پیش کردیا۔ تفتیشی افسرنے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پرعدالت نے ملزم کو 13 اگست تک پولیس کے حوالے کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے کہ گارڈ کی جانب سے خاتون پرتشدد کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر کراچی پولیس چیف نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ شارع فیصل میں درج ہے۔
فوٹج سامنے آنے کے بعد پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی خاتون پر سیکیورٹی گارڈ کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اور سیکیورٹی گارڈ کے درمیان بحث ہوتی رہی، سیکیورٹی گارڈ نے اچانک خاتون کو زور دار تھپڑ دے مارا۔
تھپڑ کھاتے ہی خاتون زمین پر گر گئی اور اٹھنے کی کوشش کی اسی دوران بے رحم سیکیورٹی گارڈ نے خاتون کے منہ پر زور سے لات بھی مار دی، بھاری بوٹ منہ پر لگتے ہی خاتون بے ہوش ہوگئی۔