وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ روس سے سستا خام تیل آرہا ہے جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ امریکا سمیت کسی کو روس سے تیل لینے پر اعتراض نہیں ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ممالک سے تجارت بڑھانے جارہا ہے، پاکستان روس اور سینٹرل ایشیا کا گیٹ وے ہے، پاکستان راہداری ہے اور خود بہت اہم ہے، کوشش ہے وسط ایشیا ممالک سے دوستی مزید بڑھائیں، ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی ون کوریڈور بنانا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ روس سے سستا خام تیل آرہا ہے، ہم پر روس سے تیل خریدنے پر کوئی دباؤ نہیں، امریکا کا کہنا ہے روسی تیل خریداری پر اعتراض نہیں، کم قیمت روسی تیل سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
خلیجی ریاست سے دو پیٹرول کے جہاز خریدنے کے لیے معاہدہ کریں گے جب کہ ایران سے گیس خریدناچاہتے ہیں لیکن پاکستان پر پابندی بھی نہیں چاہتے۔
کراچی میں بیچ لگژری ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں کونسل جنرل رشین فیڈریل کی جانب سے پہلے روسی ایکسپریس لائنر سروس بحری جہاز کی سروس کی تقریب ہوئی جس میں مصدق ملک سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
سی ای او پاک شاہین پرائیویٹ لمیٹڈ عبداللہ فرخ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ رشین ایکسپریس لائنز سروس کے آغاز سے پاکستان روس کے ساتھ براہ راست جڑ جائے گا۔ شپنگ انڈسٹری میں آج ایک انتہائی اہم دن ہے۔
کراچی اور سینٹ پیٹرزبرگ کے درمیان کنٹینرائزڈ شپنگ سروس کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، اس سروس کے ذریعے ایکسپورٹز اپنی مصنوعات کی براہ راست مارکیٹنگ کرسکیں گے جو ٹرانس شپمنٹ اور زائد فریٹ لاگت کی وجہ سے استفادہ نہیں کرپارہے تھے اور یہ شپنگ سروس دونوں ممالک کے درمیان بے مثال رابطہ فراہم کرے گی۔
روسی شپنگ کمپنی نیکو لائن کے ایم ڈی الیگزینڈر برشیو نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کراچی اور سینٹ پیٹرزبرگ بندرگاہوں کے درمیان براہ راست کارگو کی ترسیل کا نظام بنانا مقصود ہے
آج سینٹ پیٹرزبرگ کی بندرگاہ سے کراچی کی بندرگاہ کے سفر پر روانہ ہورہا ہے، بحری جہاز کرسٹل 24 ہزار ٹن وزن اٹھانے کا حامل ہے۔ پروگرام کے تحت 26 روزہ وقفے سے کراچی کے لیے دو بحری جہاز آپریٹ ہوں گے۔ کراچی سے سینٹ پیٹرزبرگ کے درمیان سفر 22 دنوں میں طے ہوا کرے گا۔