ایڈمنسٹریٹر کراچی، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کے مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کشمیر روڈ پر واقع کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
مرتضٰی وہاب نے انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں نو تعمیر شدہ فٹ بال گراؤنڈ، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کورٹس کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ شہری ان سے استفادہ کرسکیں
مرتضٰی وہاب نے کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات اور نو تعمیر شدہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس میں مووایبل فوڈ کورٹس بھی ہونے چاہئیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اسپورٹس کمپلیکس کے نئے منصوبوں کی تکمیل میں جو مسائل حائل ہیں انہیں فوری حل کیا جائے گا اور سات سال سے زیر التواء یہ کھیلوں کے منصوبے اگلے ہفتے تک شہریوں کے لئے کھول دیئے جائیں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کے دورے کے موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر نے بتایا کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس کے لئے کے ایم سی کو 101ایکڑ زمین الاٹ کی گئی تھی بعد میں مختلف افراد نے اس زمین پر تجاوزات قائم کیں گزشتہ دنوں سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے تحت اسپورٹس کمپلیکس سے تمام تجاوزات کو ختم کردیا گیا ہے ۔