ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے گلشن معمارموڑ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق ملزمان محسن اور عظمیٰ انتہائی مطلوب تھے تاہم گرفتار میاں بیوی سے 2 پستول برآمد ہوئے۔ فرخ رضا کا کہنا تھا کہ ملزم محسن پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزم نے کورنگی کیماڑی ایسٹ میں وارداتوں کا اعتراف کیا۔ محسن اور اس کی بیوی عظمیٰ کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ لطیف سیکٹر 22 میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا تھا۔ جس پر پولیس نے بتایا تھا کہ پولیس ٹیم اطلاع پر شاہ لطیف میں واقع ہوٹل پہنچی تو ملزمان کھانا کھا رہے تھے، پولیس دیکھ کرملزمان نےفرار ہونے کی کوشش کی۔