ئی ایس پی آر کے جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج نے 10 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص کامیابی سے مکمل کیا۔
یہ آپریشن 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر حملوں کے بعد کیا گیا۔ ان حملوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کئی بے گناہ شہری شہید ہوئے، جس پر پاکستانی قوم نے انصاف اور بدلہ لینے کا عزم کیا تھا۔
اعلامئے میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس وعدے کو عملی جامہ پہنایا اور دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ آپریشن میں پاکستان آرمی کے فتح سیریز میزائل F1 اور F2، پاک فضائیہ کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسلحہ، جدید مسلح ڈرونز اور آرٹلری کے ذریعے 26 اہم بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ان اہداف میں بھارتی فضائیہ کے بیسز (جیسے اڈم پور، پٹھان کوٹ، سرینگر، جمو، بٹھنڈہ، سرسا، بھوج وغیرہ)، براہموس میزائل کے گودام، S-400 دفاعی نظام اور متعدد کمانڈ و لاجسٹک مراکز شامل تھے۔ بھارت کے ان تمام مراکز سے پاکستان کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
آپریشن کے دوران، پاکستان کے مسلح ڈرونز نے نئی دہلی سمیت بھارت کے کئی بڑے شہروں اور حساس مقامات پر پروازیں کر کے اپنی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ساتھ ہی ساتھ سائبر آپریشنز کے ذریعے بھارتی فوجی انفراسٹرکچر کو عارضی طور پر مفلوج کیا گیا، جس سے ان کی جنگی استعداد متاثر ہوئی۔
مزید پڑھیں؛ہماری خودمختاری پر پھر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ترجمان پاک فوج
اس اہم مرحلے پر، پاکستان کی مغربی سرحد پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حملوں کی کوشش کی، جس کا پاک فوج نے بیک وقت مؤثر انداز میں مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص پاکستان کی مربوط، محدود مگر مؤثر عسکری صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ تھا۔ یہ کارروائی مکمل احتیاط کے ساتھ کی گئی، جس میں صرف ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا جو براہِ راست پاکستان میں دہشتگردی اور جارحیت میں ملوث تھے۔
بیان میں پاکستانی عوام، میڈیا، نوجوانوں، سفارتی محاذ اور تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے قومی اتحاد و یکجہتی کی مثال قائم کی۔ وزیراعظم پاکستان اور کابینہ کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے بروقت اور فیصلہ کن اقدامات کیے۔
آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص "معرکہ حق” نامی اس جنگ کا مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوا، جس میں قومی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ اگر ہماری سرزمین یا شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تو جواب فوری، جامع اور فیصلہ کن ہوگا۔