ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری پر اگر دوبارہ حملہ ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے پاک فضائیہ اور بحریہ کے سینیئر افسران کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے ڈرونز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی معصوم افراد شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے قوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا اور بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کے تحت مؤثر کارروائی کی گئی۔
مزید پڑھیں؛آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر کراچی سمیت ملک بھر میں جشن منایا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ اُڑی نیٹ ورک اسٹیشن اور پونچھ راڈار کو نشانہ بنا کر دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ وطن عزیز پر حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی افواج اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کا دفاع کرتی ہیں، ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور پوری قوم، وزیراعظم اور وزراء کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس نازک وقت میں متحد ہو کر فیصلہ کن اقدامات کیے۔