پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی ملتے ہی بھارتی کرکٹ بورڈ اور بھارتی میڈیا نے تنازعات اٹھانا شروع کردیے۔
پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کا میزبان:
آئی سی سی نے 2021 میں جیسے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو دینے کا اعلان کیا تو بھارت نے پہلے ہی دن سے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دینے کی مخالفت شروع کردی تھی۔ بھارت کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، آئے دن کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا رہتا ہے، ہم اپنی ٹیم حکومت کی اجازت سے ہی پاکستان بھیجیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کسی صورت چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے کہیں اور منتقل نہیں ہوگی، اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی تو بھارت میں ہونے والے اگلے کسی آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان بھی نہیں جائے گا اور پاکستان یہ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا، پھر آئی سی سی کی جانب سے طے پایاکہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔
چیمپئنز ٹرافی ٹور:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے ٹرافی ٹور کا اعلان کیا تو اس پر بھی بھارتی کرکٹ بورڈ اور میڈیا نے اعتراضات اٹھادیے۔ آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کی بات مانتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹرافی ٹور کا شیڈول تبدیل کرنے کو کہا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی یہ بات مان لی۔
میچ فیڈ لوگو سے میزبان پاکستان کا نام غائب:
بھارتی میڈیا نے ایک نیا تنازع اٹھتے ہوئے کہا کہ کراچی کے اسٹیڈیم میں ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے جھنڈے لگے مگر بھارت کا پرچم نہیں لگایا گیا۔ ایونٹ کے دوسرے روز دبئی میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں براڈ کاسٹر نے میچ فیڈ کے بائیں جانب لگے لوگو سے میزبان پاکستان کا نام غائب کردیا، جب پی سی بی نے اُن سے اس بارے میں پوچھا تو آئی سی سی نے کہا کہ یہ ٹیکنیکل غلطی سے ہوا مگر شائقین اور ماہرین نے خیال ظاہر کیا کہ کیوں کہ یہ میچ بھارت کا تھا اس لیے جان بوجھ کر پاکستان کا نام غائب کیا گیا۔
22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے قبل ہونے والی قومی ترانے کی تقریب میں آسٹریلیا کے ترانے سے پہلے دو تین سیکنڈز کے لیے بھارتی ترانہ چل گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کے مطابق اس بارے میں آئی سی سی سے پوچھا ہے اور وہ تحقیقات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ اب دیکھئے چیمپئنز ٹرافی کے ختم ہونے تک اور کتنے تنازعات سامنے آتے ہیں۔