نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے بچوں کو پیدائش پر امریکی شہریت نہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کےپیدائشی امریکی شہریت ختم کرنےکا اعلان کردیا۔
ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وسیع پیمانے پر تبدیلیاں کریں گے، جن میں پیدائشی امریکی شہریت کا خاتمہ ، معیشیت، توانائی اورامیگریشن سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر جاری کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیا جائے گا، امریکا میں غیر قانونی طور پرمقیم افراد کے بچوں کو پیدائش پرشہریت نہیں ملے گی۔
واضح رہے امریکی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز پیش کی تھی کہ غیرامریکی باشندوں اور غیرقانونی تارکین وطن کے امریکہ میں پیدا ہونے والے بچوں کو امریکی شہریت دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
ٹرمپ کی پیش کردہ تجویز پر امریکا میں نئی آئینی و قانونی بحث چھڑ گئی تھی کیونکہ گزشتہ 150 سال سے یہ امریکہ کا قانون ہے کہ اس کی سرزمین پر پیدا ہونے والا بچہ ازخود امریکی شہریت کا حامل تسلیم کیا جاتا ہے۔ انھوں نے پیدائش پر امریکی شہریت دینے کے آئینی و قانونی حق کو انہوں نے ’مضحکہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے زور دے کر کہاتھا کہ اس سلسلے کو ختم ہونا چاہیے۔