کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ ڈایا لائن کا مرمتی کام شروع کردیا ہے جسکے باعث شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر لائن کا مرمتی کام آج صبح 8 بجے شروع کیا گیا ہے اور مرمتی کام 24 گھنٹے جاری رہے اور اس کو مجموعی طور پر 72 گھنٹوں تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے جس میں 150 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔
اعلامئے کے مطابق مرمتی کام کے باعث لیاری کلفٹن گلشن اقبال جمشید ٹاؤن اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ مرمتی کام کے دوران واٹر کارپوریشن کے لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بند رہیں گے۔ لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس پر آن لائن ٹینکرز سروس بھی معطل رہے گی۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ نیپا، سخی حسن، صفورہ، کرش پلانٹ ون اور کرش پلانٹ ٹو ہائیڈرنٹس سے معمول کے مطابق ٹینکرز سروس جاری رہے گی۔ سی ای او واٹر کارپوریشن نے شہریوں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران کو مرمتی کام جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔