کراچی میں لیاقت آباد 10 نمبر کی مرکزی شاہراہ کا ایک بڑا حصہ ٹوٹ پھوٹ کے باعث وہاں سے گزرنے والوں کے لیے اذیت کا باعث بنا ہوا ہے۔
کراچی میں اس سال ہونے والی بارشوں کے بعد متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں جس کے باعث شہریوں کو ہر روز شدید دشواری سے گزرنا پڑتا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جہاں ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کا کام شروع کیا گیا ہے وہیں ایسی اور بھی سڑکیں ہیں جن کی حالت سدھارنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیاقت آباد 10 نمبر کی مرکزی شاہراہ سے متعلق شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی سال سے اس سڑک کا یہی حال ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ گڑھے ہونے کے باعث جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، وہیں اس ٹوٹی پھوٹی سڑک سے اٹھنے والا گرد و غبار بھی شہریوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاقت آباد 10 نمبر کی سڑک کو بہتر بنانے کے لیے ناصرف فوری اقدامات کیے جائیں بلکہ سڑک کی مرمت کے لیے معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔