گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں پاکستان کے مایہ ناز مرحوم اداکار عمر شریف کے ماں اسپتال کا افتتاح کردیا۔ گورنر سندھ نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں گزشتہ روز گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے ماں اسپتال کا افتتاح کیا گیا اور اسپتال کا معائنہ بھی کیا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ فخر پاکستان کے لیجنڈری فنکار عمرشریف نے ماں اسپتال کیلئے بہت محنت کی، جب ریاستیں فلاحی کام نہیں کرتیں تو عوام کو ذمے داری اٹھاناپڑتی ہے۔
تقریب سے خطاب میں کامران ٹیسوری کا کہناتھاکہ 75 سال بعد بھی اسی بحث میں الجھے ہیں کہ ملک آگے کیسے بڑھےگا، جب تک گلی محلے بہترنہیں ہوں گے ملک اچھا نہیں ہوسکتا، سب نے اپنے محلے بانٹ لیے اس لیے قوم تقسیم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ دوماہ ہوچکے اختیار کا رونا نہیں رؤں گا، کام کرنے کی نیت اورارادہ چاہیے، ہر رکن قومی اسمبلی کیلئے 50 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے اور نگرانی خود کروں گا اور ہر علاقے کا پیسہ اسی علاقے پرخرچ ہوگا۔
مرحوم عمرشریف کی اہلیہ زرین غزل کا کہنا تھاکہ عمر شریف اسپتال والدہ کے نام سے بناسکتے تھے مگر انہوں نے اس کا نام ماں اسپتال رکھا، 2016میں اسپتال مکمل ہوگیا تھا۔