کراچی میں گزشتہ چند ہفتوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ اسپیشل برانچ پولیس نے شہر میں جرائم میں ملوث ڈاکوؤں کی فہرست تیار کی ہے جس کے مطابق 422 ڈاکو وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس نے اسٹریٹ کرائم سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیشل برانچ پولیس نے ڈاکوؤں کی فہرست مرتب کرلی، جس میں شہر میں 422 ڈاکوؤں کی وارداتوں میں ملوث ہونےکی نشاندہی کی گئی ہے۔
کراچی کے 2 اضلاع شرقی اور وسطی میں وارداتیں عروج پر ہیں، رپورٹ میں ضلع جنوبی کے پوش علاقوں کے ہاٹ اسپاٹس بھی موجود ہے۔
اسپیشل برانچ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع جنوبی کے 33 مقامات پرزیادہ وارداتیں ہوئی ، نیپا چورنگی، سفاری پارک، کلفٹن اور کینٹ اسٹیشن ہاٹ اسپاٹس ہیں۔ اسی طرح قیوم آباد، ہجرت کالونی اور ملیرسمیت دیگرعلاقوں میں بھی زائد وارداتیں ہوئیں۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی لانے کیلئے پولیس نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ پولیس کو رات 8 سے 11 بجے تک شہر میں اسنیپ چیکنگ کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسنیپ چیکنگ کےدوران اہلکارمشکوک افرادکوروک کر تلاشی لیں گے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ اسنیپ چیکنگ سےجرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت مشکل ہوگی۔