امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شہر میں بڑھتی ہوئے اسٹریٹ کرائم کی ورادتوں کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد کی ہے۔ حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کی وارداتیں روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتیوں، لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم اور انسانی جانوں کے ضائع ہونے کی ذمہ داری سندھ حکومت اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پر عائد ہوتی ہے۔ شہر میں لوٹ مار روکنا حکومت کا کام ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ان وارداتوں کی روک تھام کریں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں،۔
کراچی کے مستقل رہائشی باشندوں کو خواہ وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں انہیں کراچی پولیس میں بھرتی کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کے عوامی ریفرنڈم میں اہل کراچی زبردست جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔