پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پارٹی کارکنان سے خطاب کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما بابراعوان نے عمران خان کے خطاب کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
بابراعوان نے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ عمران خان تھوڑی دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے۔ الحمداللہ کپتان کے حوصلے بلند ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور عمران خان سہ پہر 4 بجے خطاب کریں گے۔
عمران خان تھوڑی دیر بعد اپنی قوم سے خطاب کریں گے۔ کپتان کے حوصلے بلند ہیں۔ الحمدللّٰہ
— Babar Awan (@BabarAwanPK) November 4, 2022
عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے عمران خان گزشتہ روز ہونے والے قاتلانہ حملے اور تحریک انصاف کی جانب سے آگے کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کریں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز عمران خان وزیرآباد میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔ عمران خان کا شوکت خانم اسپتال میں آپریشن کیا گیا اور انکی حالت اب بہتر ہے۔
عمران خان کے زیر صدارت شوکت خانم اسپتال میں ہی پی ٹی آئی کا اجلاس جاری ہے جس میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور مستقبل سے متعلق لائحہ عمل تشکیل دیا جارہا ہے۔