پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کپاس، ٹماٹر اور پیاز سمیت کئی فصلیں تباہ ہوگئیں، جس کے باعث زرعی شعبے کو 536 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے پاکستان کی زراعت کو سب سے زیادہ نقصان ہوگیا، ملک میں کپاس ، مکئی ،چاول ،گنے ، دالوں ٹماٹر ،پیاز سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔
وزرات نیشنل فوڈ سیکورٹی کی زرعی شعبے کو ہونے والے نقصان کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، ابتدائی رپورٹ فضائی سروے سے کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق پاکستان کو زرعی شعبے میں 536 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے اور مزید نقصان کا خدشہ ہے جب کہ حتمی رپورٹ میں زراعت اور لائیو اسٹاک کا نقصان 1300 ارب روپے سے زائد جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
وزرات نیشنل فوڈ سیکورٹی نے دستاویز میں انکشاف کیا ہے کہ زراعت کے شعبے میں سب سے زیادہ نقصان سندھ کو 300 ارب روپے سے زائد کا ہوچکا ہے، بلوچستان کے زرعی شعبے کو 200 ارب روپے کا نقصان ہوا جب کہ کے پی کے زرعی شعبے کو 36 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں 28 لاکھ 45 ہزار ایکٹر سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی جن میں کپاس کی فصل، کھجور کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ گنے ،مرچ ، پیاز، ٹماٹر، سبزیاں ،چاول کی فصل کو جزوی نقصان ہوا ہے۔