قطر میں فٹبال ورلڈکپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز جاری ہیں۔ میگاایونٹ میں اب تک دو بڑے اپ سیٹ بھی چکے ہیں۔ عالمی کپ میں آج بھی چار میچز کھیلے جائیں۔ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم بھی ان ایکشن ہوگی۔
قطر میں جاری فٹبال کے عالمی کپ میں آج کا پہلا میچ گروپ جی کا شیڈول ہے۔ گروپ جی میں سوئیٹزرلینڈ اور کیمرون کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
دوسرا میچ شام 6 بجے گروپ ایچ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپیئن یوروگوائے اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان میدان سجے گا۔
یوروگوائے کی ٹیم جنوبی کورویا کے خلاف عالمی مقابلوں میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فٹبال ورلڈکپ 1990 اور 2010 میں بھی میچ ہوچکا ہے اور دونوں میچز میں یوروگوائے کی ٹیم کامیاب رہی تھی۔
آج کا تیسرا میچ بھی گروپ ایچ کا ہے۔ اس میچ میں اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال ان ایکشن ہوگی۔ پرتگال کا مقابلہ گھانا کی ٹیم سے ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔
پرتگال اور گھانا کی ٹیموں کے درمیان فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں ایک میچ کھیلا گیا ہے جس میں پرتگال نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی سمیٹی تھی۔ یہ میچ 2014 کے فٹبال ورلڈکپ میں ہوا تھا۔
آج کا آخری میچ پاکستان وقت کے مطابق رات 12 بجے کھیلا جائے گا۔ پانچ مرتبہ کی ورلڈ چیمپیئن برازیل کی ٹیم کا مقابلہ سربیا کی ساتھ ہوگا۔ برازیل اور سربیا کی ٹیمیں ورلڈکپ کے گروپ جی میں شامل ہیں۔
ورلڈکپ کی تاریخ میں برازیل اور سربیا کی ٹیمیں 5 میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں۔ 2 میچ برازیل نے جیتے جبکہ ایک میچ میں سربیا کی ٹیمیں کامیاب رہی۔ دو میچز ڈرا ہوئے۔