جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شعبہ ویژول اسٹیڈیز میں داخلے کے خواہش مند طالب علموں کیلئے داخلہ ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ شعبہ ویژول اسٹیڈیز کا داخلہ ٹیسٹ کل بروز اتوار 4 دسمبر کو ہوگا۔
جامعہ کراچی میں فیکلٹی آف آرٹس کے شعبہ پولٹیکل سائنس میں شعبہ ویژول اسٹیڈیز کے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ جامعہ کراچی انتظامیہ کی جانب سے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو صبح 10 بجے اپنے اصل شناختی کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ متعلقہ امتحانی مرکز پر حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جامعہ کراچی کی جانب سے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق تمام امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردیئے گئے ہیں جس پر رپورٹنگ ٹائم، امتحانی مرکزاور کمرہ امتحان کا نمبردرج ہے۔
جامعہ کراچی کی جانب سے طالب علموں کیلئے جاری کردہ ہدایات کے مطابق طلبہ ایڈمٹ کارڈ اپنے پورٹل سے پرنٹ کرسکتے ہیں۔ امتحانی مرکز اور مقررہ وقت کی تفصیل ایڈمٹ کارڈ پر موجودہے۔ تمام طالب علموں کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل بھی آگاہ کردیاگیا ہے۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق شعبہ ویژول اسٹڈیز میں بیچلرز آف ڈیزائن (4 سالہ پروگرام)، بیچلرز آف فائن آرٹس (4 سالہ پروگرام) اور بیچلرز آف آرکیٹیکچرز (5 سالہ پروگرام) میں داخلوں کے لئے ٹیسٹ لئے جائیں گے۔