نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی زیر صدارت گجر، محمود آباد اور اورنگی نالوں کے متاثرین کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعلی سندھ نے متاثرین کو بہترین کالونی بناکر دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اجلاس میں وزیر بلدیات مبین جمانی، وزیر قانون عمر سومرو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، سیکریٹری بلدیات منظور شیخ، سیکریٹری خزانہ کاظم جتوئی، سیکریٹری قانون، کمشنر کراچی، ڈی جی ایم ڈی اے نسیم سہتو اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کو سیکریٹری بلدیات منظور شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ نے گٹر نالوں پر آباد 6500 متاثرین کو گھر بنا کر دینے کی ہدایت دی ہے۔
سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق متاثرین کیلئے تیسر ٹاؤن اسکیم 45 میں 137.47 ایکڑز اراضی مختص کی گئی ہے اور ایک متاثر کو 80 گز کا پلاٹ دیا جائے گا۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کی کالونی میں مسجد، اسکول، پارک اور کھیلوں کا میدان بنانے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کالونی میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا جائے۔
نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ رواں ہفتے ہی ڈولپمنٹ کیلئے فنڈز جاری کردئے جائیں گے۔ علاقے میں بجلی، گیس اور دیگر سہولیات ضرور ہونی چاہیں۔ وزیراعلی سندھ نے اچھے آرکیٹیکٹ کو مقرر کرکے بہترین کالونی بنانے کی بھی ہدایت کی۔