سندھ حکومت نے کراچی میں ای وی ( الیکٹرک وہیکل) بس کے 2 اور پیپلز بس کا ایک نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کے مطابق بسوں کا کرایہ 50 روپے تک ہی ہوگا۔
وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بسوں کے نئے روٹ کا اعلان کیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 13 اپریل کو ای وی بس کا ال آصف مارکیٹ سے ٹینک چوک تک نیا روٹ شروع کیا جائے گا جو 30 کلو میٹر طویل ہوگا۔
شرجیل میمن نے بتایاکہ 14 اپریل کو ای وی بس کے ایک اور روٹ کا افتتاح ہوگا۔ یہ بس روٹ بحریہ ٹاؤن سے ٹینک چوک اور پھر ٹینک چوک سے نمائش تک ہوگا۔ یہ روٹ بھی 30 کلو میٹر طویل ہے۔
پیپلز بس سروس کا 18 اپریل کو نیا روٹ شروع ہوگا جس میں بسیں نارتھ کراچی سے ڈاکیارڈ تک چلائی جائیں گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس روٹ میں بسیں نارتھ کراچی سے نیو کراچی، یونیورسٹی روڈ ال آصف اسکوائر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد 10 نمبر، لالو کھیت، گرو مندر، ایمریس مارکیٹ، سندھ ہائی کورٹ، آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاور سے ہوتی ہوئی ڈاک یارڈ پہنچیں گی۔
وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر بسوں کے کرائے میں فی الحال اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔ تمام بسوں کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 50 روپے ہی رہے گا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا بس آپریٹر نے کئی مرتبہ کرائے بڑھانے کی سفارش کی جسے دو مرتبہ کیبنٹ میں بھی پیش کیا جاچکا ہے لیکن وزیراعلی سندھ نے مہنگائی کے دور میں عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے انکار کیا ۔ شرجیل میمن کے مطابق بس آپریٹرز کو ہونے والے نقصانات سندھ حکومت پورا کرے گی۔