سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری راؤنڈ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ محمدرضوان ایک بار پھر پلیئر آف دا میچ رہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا فائنل کل کھیلا جائے گا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 173 رنز اسکور کئے۔ لٹن داس نے 69 اور کپتان شکیب الحسن نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے نسیم شاہ اور محمدوسیم جونیئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ بنگلہ دیش کا ایک پلیئر رن آؑؤٹ ہوا۔
جواب میں بابراعظم اور محمدرضوان ایک بار پھر پاکستان سینچری اوپننگ شراکت فراہم کی دونوں کے درمیان پہلی وکٹ پر 101 رنز بنے۔ بابراعظم نے 55 اور محمدرضوان نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔
حیدر علی کوئی رن نہ بناسکے۔ محمدنواز کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا انہوں نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ آصف علی 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے 19 اعشاریہ 5 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے فائنل میں کل مدمقابل ہوں گی۔