پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل دس ہفتوں تک اضافے کے بعد بلاآخر ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا اور روپیہ مستحکم ہونے لگا۔ آج ڈالر کی قدر میں بڑی کمی آئی اور ایک ڈالر 206 روپے سے بھی سستا ہوگیا۔
کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر 5 روپے 43 پیسے سستا ہوکر 206 روپے 50 پیسےکا ہو گیا۔ یہ دو ماہ بعد انٹربینک میں ڈالرکی قیمت میں سب سےزیادہ کمی ریکارڈ ہوئی ہے، گزشتہ روز 22 جون کو ڈالر 211 روپے 93 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 4 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 209 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے، دو دن کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت ساڑھے6 روپےکم ہوئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آٸی ایم ایف سے ڈیل اور چینی بینکوں سے قرض کے معاہدے کی خبروں کے بعد روپے کی قدر بحال ہورہی ہے، اور اس کے اثرات واضح ہیں، کہ انٹربینک میں ڈالر 5 روپے 43 پیسے سستا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔ پی ایس ایکس میں اب سے کچھ دیر پہلے تک 100 انڈیکس 204 پوائنٹس بلند ہوا ہے۔ 100 انڈیکس بہتری کے بعد 42 ہزار 663 روپے کی سطح پر موجود ہے۔
گزشتہ روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ چینی بینکوں نے پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر کی ادائیگی کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں اور چند روز میں رقم پاکستان کو مل جائے گی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ چین سے 2.3 ارب ڈالر کے فنڈز ایک دو روز میں موصول ہوجائیں گے، چینی بینکوں کے کنسورشیم نے آج قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔