Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سازگار موسم، کراچی سمیت 10 بڑے شہروں میں ڈینگی پھیلنے کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہیں اور کراچی سمیت 10 بڑے شہروں میں آئندہ ماہ ڈینگی پھیلنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ تنبیہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میونسپل اداروں کے بلند دعووں کے باوجود کراچی میں ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آئندہ ماہ ڈینگی کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاڑکانہ اور ملتان میں پھیل سکتا ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے ایک ’الرٹ‘ میں شہروں اور اضلاع میں ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے کہا کہ ماضی کے اعداد و شمار کے تجزیے اور موجودہ اور مستقبل کے ماحولیاتی منظرنامےکو مدنظر رکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

ڈینگی کے حملوں کا فعال دورانیہ طلوع آفتاب کے 2 گھنٹے بعد اور غروب آفتاب سے 2 گھنٹے قبل تک رہتا ہے، درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آنے کے بعد ڈینگی کی افزائش رک جاتی ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button