کورونا وائر س کی نئی قسم اومی کرون دنیا بھر میں اثرانداز ہورہی ہے۔ یورپی ممالک سمیت بھارت اور پاکستان بھی اومی کرون کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی بھی اومی کرون سے متاثر ہے جسکے باعث شہرقائد میں کورونا وائرس کی شرح میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 9اعشاریہ 23تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف کراچی میں 4660 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 430 افراد میں عالمی وبا کی تشخیص ہوئی ہے۔ محکمہ صحت نے کورونا کی شرح 9فیصد سے بڑھنے کو خطرناک قرار دیا ہے جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔حکام نے عوام سے کورونا کی ویکسین لگوانے کی اپیل کی ہے اور جو افراد ویکیسن کی 2خوراکیں لے چکے ہیں انہیں بوسٹر ڈوز لگوانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان کا صوبہ سندھ سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد چار لاکھ چوراسی ہزار دوسوچھبیس ہوچکی ہے جبکہ کُل اموات سات ہزار چھ سو چھہتر ہوگئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد12لاکھ 99ہزار 848ہوچکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں ایک ہزار پچاسی کیسز سامنے آئے ہیں پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح2.32فیصدہوگئی ہے۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پاکستان 40ویں نمبر پر آگیا ہے۔