کراچی میں گزشتہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ ہوا اور سردی کی شدت کم ہوئی، لیکن کراچی والے تیاری کرلیں کیونکہ کراچی سے ابھی موسم سرما الوداع نہیں ہوا۔ شہر قائد میں سردی کی نئی لہر آنے کو تیار ہے اور شہر میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور ملک کے بالائی حصوں میں برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا ہے اور کراچی میں بھی اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔ شہر قائد میں درجہ حرارت سات سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔ رات کے اوقات میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز گرد آلو ہوائیں بھی چلیں گی۔ تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے درخت اور اشتہاری بورڈ گرنے کا بھی خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔ شہریوں کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔