کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں چوری یا چھیننے گئے موبائل فون کے آئی ایم آئی تبدیل کرکے انہیں افغانستان اسمگل کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرکےافغانستان اسمگل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت وسیم برفت کے نام سے ہوئی۔ ملزم سے موبائل فونز بھی برآمد ہوئے جو سائٹ سپرہائی وے انڈسٹریل ایریا سے چھینے گئے تھے۔
ملزم سے برآمد ہونے والے موبائل فونز اور قیمتی اشیاء تھانہ سہراب گوٹھ، سچل اور سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا کی حدود سے چھینی گئی تھیں۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے مختلف اسٹریٹ کرمنلز سے رابطے تھے، اور وہ ان سے موبائل فونز خریدتا تھا۔ اس کے بعد موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل کیا جاتا اور فونز کو پہلے پشاور اور اس کے بعد افغانستان اسمگل کیا جاتا۔