کراچی میں بدامنی اور لوٹ مار، تاجروں کا وزیراعلی ہاؤس پر دھرنا دینے کا اعلان

کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم، لوٹ مار اور قتل و غارت پر تاجروں کا صبر جواب دینے لگا۔ آل کراچی تاجراتحاد نے کراچی میں جاری بدترین بدامنی، ڈاکو راج، لوٹ مار اور قتل وغارت کے خلاف 8 مارچ کو وزیر اعلی ہاؤس پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔


تاجروں کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شہر کی مختلف مارکیٹوں سے احتجاجی ریلیاں سہ پہر 3بجے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گی، شہر میں قیام امن تک تاجروں کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔


آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے شہر کی مرکزی تاجر تنظیموں سے مشاورت کے بعد پریس و میڈیا پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدنصیب، بد امن اور بے امان کراچی ایک مرتبہ پھر شہر کے اسٹیک ہولڈرز کو پکار رہا ہے۔


لمحہ بہ لمحہ ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں کے خوف سے مارکیٹوں میں سناٹا اور تاجر سہم گئے ہیں، شہر میں ڈاکو دہشت گردوں کی طرز پر وارداتیں کررہے ہیں اور چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ بے خوف و خطر شہریوں کا قتل کیا جارہا ہے جس سے اس بات کا خدشہ ہے کہ زیر زمیں چھپے ہوئے ملک دشمن عناصر ڈاکوؤں کے روپ میں شہر کے امن اور معیشت کو تباہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں،۔



انھوں نے آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ تجارتی حب کراچی میں مستقل امن کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھوس بنیادوں پر استوار اور مستقل بنیادوں پر شہر کا امن بحال کیا جائے رینجر کو 2013کے اختیارات تفویض کیئے جائیں جن میں ملزمان کو 90روزہ تحویل میں رکھنے کا اختیار بھی شامل ہے۔


ہر ونگ کی حدود کے کم از کم دو تھانے رینجرز کے ماتحت کیئے جائیں، پولیس کی پروٹوکول ڈیوٹیاں ختم اور تھانوں کو نفری فراہم کی جائے، پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن شرع کیا جائے،پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد اورمحکمہ سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائے۔


 انھوں نے کہا کہ تاجروں کا احتجاجی مارچ خالقدینا ہال ایم اے جناح روڈ سے شروع ہوکر پُرامن طور پر وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پر ختم ہوگا، شہر کے تمام تاجروں کو احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
Spread the love
جواب دیں
Related Posts