کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کسٹم حکام نے دبئی سے نجی ائیرلائن کی پرواز سے کراچی پہنچے والے مسافر کو مشکوک پائے جانے پر اسکے سامان کی تلاشی لی۔
ترجمان کسٹم نے اس حوالے سے بتایا کہ نظام الدین نامی مسافر سے کسٹم کے عملے نے اسکے ممنوعہ اشیاء کی موجودگی کے حوالے سے دریافت کیا۔ کسٹم کے عملے نے مسافر سے یہ بھی پوچھا کہ اسکے پاس نان کسٹم پیڈ سامان تو نہیں ہے؟
مسافرکے انکار اورتسلی بخش جواب نہ دینے پر سامان کی جانچ کی گئی تو اسکے پاس سے زیورات برآمدات ہوئے۔ مسافر کے پاس سے 49 تولہ زیورات ضبط کئے گئے جسکی مالیت 1 کروڑ 10 لاکھ 47 ہزار روپے ہے۔
ترجمان کسٹم کا کہنا ہے کہ مسافر اسکے پاس سے ملنے والے زیورات کے بارے میں بھی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔ ملزم نظام الدین کےخلاف کسٹمز ایکٹ کےتحت کارروائی کی جارہی ہے۔