کرونا وبا کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے شہر قائد میں جہاں ایک طرف بڑی سطح پر آگاہی مہم اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے وہیں دوسری جانب اہل کراچی کی بڑی تعداد اب تک ویکسینیشن کے معاملے میں کوتاہی برت رہی ہے ۔
اسی پہلو کو مد نظر رکھتے ہوئے حکام کی جانب سے ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کےلیے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اب ایڈشنل آئی جی کراچی کی جانب سے گرفتاریوں کے معاملے پر تھانیداروں کو مقدمات درج کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
تھانے داروں کو کارروائیاں شادی ہالز، ہوٹلز، تفریحی مقامات تک محدود رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ تمام کارروائیاں اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں کی جائیں ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہرِ قائد میں درجن سے زائد مقدمات درج کرکے تقریباً چالیس افراد کو گرفتارکیا گیا تھا۔ تاہم پولیس حکام نے اس حوالے سے کہا کہ محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی، ڈی جی رینجرز اور ڈویژنل کمشنرز کو خط لکھا تھا لیکن محکمہ داخلہ کے مراسلے میں کارروائیوں سے متعلق کوئی وضاحت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے پولیس کو یہ حکم دیا ہے کہ شہریوں پر اس سلسلے میں درج کیئے گئے مقدمے کو ختم کر دیا جائے۔