ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دے دی۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق یہ فنڈز بنیادی ہیلتھ کیئر اور انسانی وسائل مضبوط بنانے پر خرچ ہوں گے۔
کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی کیلئے اصلاحات کی جائیں گی، صوبائی ہیلتھ سسٹم کومضبوط بنانے میں بھی مدد دی جائے گی، جب کہ ہیلتھ کیئر کوریج، اسٹاف اور دواؤں کی سپلائی بہتربنائی جائے گی۔
نجی بن حسین نے کہا کہ پاکستان صحت کے حوالے سے بالخصوص حمل اور بچے کی پیدائش کے دوران بچوں اور خواتین کے لیے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
اعلامئے کے مطابق یہ پروگرام صوبائی صحت کے نظام کو مضبوط بنا کر، ملک کے انسانی سرمائے کی تعمیر اور اس کے شہریوں کے لیے صحت اور غذائیت کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
کنٹری ہیڈ ورلڈ بینک نے بتایا کہ یہ پروگرام تین اہم شعبوں میں صحت کی دیکھ بھال میں اصلاحات پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت صوبائی بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری کے ذریعے تمام طبقات کو فائدہ پہنچائے گا، خاص طور پر 20 کے قریب اضلاع میں جو صحت اور غذائیت کی خدمات تک کم سے کم رسائی کا شکار ہیں۔