نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے میٹرک بورڈ کے امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے میٹرک کے امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ معلوم ہوا کہ امتحانی نتائج تیار کرنے والا دو سرکاری ملازمتیں کررہا ہے، بیک وقت دو سرکاری ملازمتیں کرنا غیر قانونی ہے، امتحانات جیسے اہم شعبے میں غیرقانونی ملازمت یا تبادلہ کیسے ہوا۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے چھان بین کے بعد متعلقہ ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات جیسے اہم شعبے میں غیرقانونی ملازمت یا تبادلہ کیسے ہوا رپورٹ کریں، امتحانی نتائج کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے حکومت کی ساکھ مجروح کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی حکم دے دیا۔