وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ ضلع دادو کے علاقے جھاکرو پہنچے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے ضلع دادو کے تمام علاقے متاثر ہوئے، 37 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پورے ضلع میں کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں، متاثرین کے لئے ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیاء کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے میڈیکل کیمپ کا دورہ بھی کیا،جہاں ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو طبی سہولتوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے گفتگو بھی کی اور ان کے مسائل سنے،اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ بچوں کے لئے قائم عارضی اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں سے سوالات بھی کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انتظامیہ مشکل میں متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔