پنجاب بھر کے کسانوں نے سستی بجلی و کھاد کیلئے وفاقی دارالحکومت کا رخ کرلیا۔ پنجاب بھر کے کسان اپنے حقوق کے حصول کےلیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
کسان اتحاد خالد باتھ کا کہنا ہے کہ کل سے کسان اسلام آباد کی سڑکوں پر بیٹھے ہیں لیکن ابھی تک کسی حکومتی نمائندے نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، حتیٰ ہمارے لوگوں کو پانی تک نہیں دیا جارہا۔
کسان رہنما نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کسانوں سے کہتا ہوں باہر نکلو، ہمیں کوئی پوچھنے نہیں آیا، ہم کمیٹی تب بنائیں جب کوئی مذاکرات کے بلائے۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں بےانتہا اضافہ ختم کیا جائے اور کسانوں کو کھاد، یوریا پرسبسڈی دی جائے۔
چیئرمین کسان اتحاد نے مزید کہا کہ ہمیں ایف نائن جانے کا کہا جارہا ہے لیکن ہم ایف نائن نہیں ہم ڈی چوک کی طرف ہی جائنگے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا موقف ہے کہ احتجاج میں شامل افراد کے پاس ڈنڈے اور دیگر ہتھیار ہوسکتے ہیں، لہذا مظاہرین کو کسی بھی صورت میں ریڈ زون داخلے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
پولیس اور انتظامیہ نے گزشتہ شب مذاکرات کی کوشش کی مگر کسانوں کی جانب سے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا، پولیس اور انتظامیہ حتیٰ الامکان مذاکرات کرنے کی کوشش کرے گی۔
کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پولیس اور انتظامیہ آخری حل کے طور پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے اقدامات عمل میں لائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی قدرے متاثر ہے، شہریوں کو متبادل راستے مہیا کیے گئے ہیں۔ اگر شہری ریڈ زون میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو وہ سرینا چوک اور مارگلہ روڈ استعمال کرسکتے ہیں۔