سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال حکیم دایو، سی ای او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن اور دیگر نے شرکت کی،سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو گرین لائن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی
اجلاس میں گرین لائن منصوبے کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی،سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں جاری آپریشنز، یوٹیلیٹی سروسز، اور گرین لائن بس سروس کے لیے سبسڈیز پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا
اس موقع پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کا ایک اہم جزو ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن منصوبہ دسمبر 2024 میں حکومت سندھ کے حوالے کر دیا جائے گا۔چاہتے ہیں کہ گرین لائن کو اورنج لائن کو جوڑنے والا منصوبہ دسمبر 2024 سے پہلے ہی مکمل ہوجائے۔وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن کے آپریشنز کے لئے 2 ارب کی سبسڈی دی جارہی ہے، حکومت سندھ اس پر نظرثانی کرے گی
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ وفاق سے حکومت سندھ کو منتقل ہونے کے بعد شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ مزید موثر اور بہتر بنانے کے لئے اس میں مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔پہلے سے جاری حکومت سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کی وجہ سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ کراچی کا دیرینہ مسئلہ رہا ہے، چاہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے