اداکار و گلوکار علی ظفر نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد 8 مئی کی دوپہر کو انہیں گھر تک دھماکوں کی گونج سنائی دی۔ علی ظفر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بھارت جیسے ایٹمی طاقت رکھنے والے ممالک کے درمیان کوئی مذاق یا فلم نہیں۔
انہوں نے عالمی برادری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کو فروغ دینے اور بات چیت کا عمل شروع کروانے کی اپیل بھی کی۔ گلوکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ابھی اپنے گھر میں دھماکوں کی آوازیں سنیں۔
علی ظفر نے بھارتیوں کا نام لیے بغیر لکھا کہ جنگ کے ڈھول پیٹنے، تشدد کا جشن منانے اور مزید تنازعات کو ہوا دینے والے یہ بتائیں کہ کیا وہ واقعی یہ بات سمجھتے ہیں کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا کیا مطلب ہو سکتا ہے؟
انہوں نے لکھا کہ یہ فلم نہیں چل رہی، جنگ تباہی ہوتی ہے، معصوم جانیں، بچے اور معصوم خاندان جنگ کی قیمت ادا کرتے ہیں۔ گلوکار نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان دنیا کو جاگنا ہوگا، دونوں ممالک کو امن کی ضرورت ہے، کیوں کہ ہر زندگی اہمیت رکھتی ہے اور ہر قوم حفاظت کی مستحق ہے۔
We just heard blasts from our home.
To those beating the drums of war, celebrating violence, provoking further conflict — do you truly understand what a war between two nuclear nations could mean?
This isn’t a movie. War is devastation. Innocent lives — children, families — pay…
— Ali Zafar (@AliZafarsays) May 8, 2025
علی ظفر نے بھارت کا نام لیے بغیر لکھا کہ عالمی برادری کو اس پاگل پن کو روکنے کے لیے فیصلہ کن مداخلت کرنی ہوگی، کیوں کہ بات چیت ہی واحد حقیقی حل ہے، خطے اور دنیا بھر میں اربوں زندگیوں کا انحصار بات چیت پر ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی حملہ شرمناک ہے: پاکستانی شوبز شخصیات کا بھارتی جارحیت پر ردعمل
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر حملے کرنے کے بعد 8 مئی کی دوپہر کو بھی متعدد شہروں پر ڈرون حملے کیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارت نے اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں چھوڑا، جن میں سے 25 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون حملوں سے ایک شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ بھارت کی جانب سے پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مضافاتی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔