اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین کی ہدایت پر 28اپریل سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء مؤخر کردیے ہیں، اب یہ امتحانات 5مئی 2025ء سے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی دو وجوہات کی بناء پر کی گئی ہے۔
ایک وجہ خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کے تمام طلبہ کو ریاضی، کیمسٹری اور فزکس کے پرچوں میں گریس مارکس دینے کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں:کیا کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پھر ملتوی ہو گئے؟
دوسری وجہ میٹرک اور انٹر کے کچھ ایسے امتحانی مراکز ہیں جن میں 8اپریل سے میٹرک کے امتحانات جاری ہیں جو 8مئی 2025ء تک جاری رہیں گے۔ اس لیے امتحانی نظام کو منظم رکھنے اور مراکز کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کے آغازکی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔