مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے پہلگام میں حملے کے نتیجے میں سیاحوں کی ہلاکت پر پاکستان نے ردعمل دے دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے حملے پر میڈیا کے سوالات پر کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں کے جانی نقصان پر تشویش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہلاک افراد کے عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کرتا ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں فائرنگ کے نتیجے میں 26 سیاح ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ بائی سرن وادی میں پیش آیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے سیاحوں پر حملے کی مذمت کی گئی۔
حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا خفیہ ایجنسی را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان پر الزامات کی لگانا شروع کر دیے، حملے میں مذہب کا استعمال کرتے ہوئے غیر مسلموں کو نشانہ بنانے کا ڈرامہ بھی کیا گیا۔
مقبوضہ وادی میں سیاحوں پر حملے کے بعد حسبِ روایت بھارتی میڈیا کی جانب سے من گھڑت پروپیگنڈا جاری ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کشمیر کے مزاحمتی فرنٹ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔
پاکستانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کو مسترد کر دیا ہے۔ IndianFalseFlag ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے اور ہزاروں صارفین بھارتی بیانیے کو چیلنج کر رہے ہیں۔