امریکا نے پاکستانی نژاد کینیڈین شہری تہور حسین رانا کو 18 روز کے لیے بھارت کے حوالے کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) تہور حسین رانا سے پوچھ گچھ آج سے شروع کر رہی ہے۔ بھارت نے شکاگو میں مقیم 64 سالہ تاجر تہور حسین رانا پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے 2008ء کے ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد کی تھی۔
بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کو 18 دنوں کے لیے انسدادِ دہشت گردی ایجنسی (این آئی اے) کی تحویل میں جمعرات کی شام بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچا گیا۔
تہور رانا کو دہلی ایئر پورٹ سے بلٹ پروف گاڑی میں این آئی اے کے ہیڈکوارٹر پہنچایا گیا، جہاں انہیں دہلی کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل میں رکھا جائے گا۔ تہور رانا کی آمد سے قبل دہلی کے کئی علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔