کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم اختر عرف اکو عرف بنگالی کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم ساتھی کے ہمراہ حساس مقامات کی ریکی کرنے اور ویڈیوز بنانے میں ملوث رہا ہے، ملزم نے 2021 میں لیاری میں چینی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی، فائرنگ سے چینی شہری اور راہگیر خالد زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں:کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 دہشتگرد گرفتار
ملزمان کو سی سی ٹی وی ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے، ملزم نے ساتھی فراز کے ہمراہ حب چوکی میں صحافی اکرم ساجدی اور شاہد زہری کی ریکی کی اور ویڈیو بنائی، ملزمان نے ویڈیو بنا کر کالعدم تنظیم کے کمانڈر عبد الرحمان عرف عدنان کو بھیجی، 10 اکتوبر 2021ء کو دہشت گردوں نے حب چوکی پر شاہد زہری کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کر کے بلاسٹ کیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق حملے میں شاہد زہری جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے تھے، یکم نومبر 2021ء کو دہشت گردوں نے صحافی اکرم ساجدی کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کر کے بلاسٹ کیا، حملے میں صحافی اکرم ساجدی ہلاک ہوگیا تھا، ملزم سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔