کراچی سینٹرل میں پورشن بنانے والے بلڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں 19 کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ 13 کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے پورشن بنانے والے بلڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، غیر قانونی بلڈرز مافیا کے خلاف کاروائیوں میں 19 بلڈرز کے خلاف 3 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، بیشتر نے ضمانتیں کرا لیں جبکہ کئی عدم گرفتار ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق سندھ حکومت کی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی سینٹرل میں پورشن کی آڑ میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈرز کے خلاف کاروائیاں شروع کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تیموریہ تھانے میں 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمد رضا مدعی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کاشف بن روف کو گرفتار کیا گیا ہے، باقی ملزمان یا تو مفرور ہیں یا انہوں نے ضمانتیں کرا لی ہیں۔ ناظم آباد تھانے میں ایف ائی آر نمبر 163 ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ماجد مگسی کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ماجد مگسی کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں پانچ بلڈر گرفتار ہیں۔ گلبرگ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 177/25 اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے مبشر کی مدعیت میں درج ہے جس کے تحت 5 بلڈر گرفتار ہیں۔