کراچی سمیت سندھ بھر میں ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ترجمان محکمۂ صحت سندھ کے مطابق رواں سال جنوری سے20 مارچ تک سندھ بھر میں ملیریا کے 7 ہزار 642 کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دوران صرف کراچی میں 139 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ ملیریا کے کیسز ضلع جنوبی میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 52 ہے۔ جنوری سے مارچ تک ضلع کیماڑی سے ملیریا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق سندھ کے دیگر اضلاع حیدر آباد میں ملیریا کے 3 ہزار 240 کیسز رپورٹ ہوئے، سکھر میں 669 کیسز سامنے آئے، لاڑکانہ میں ان کی تعداد 1 ہزار 939 ہے، میر پور خاص میں 816 مریضوں میں ملیریا کی تشخیص ہوئی، شہید بے نظر آباد میں 839 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ
دوسری جانب کراچی میں رواں سال شہر میں ڈینگی کے 149کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ مارچ میں اب تک ڈینگی کے 27 کیس سامنے آئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی کے 167 کیسز سامنے آ چکے ہیں