کراچی کی یونیورسٹی اور کالجز میں زیر تعلیم طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے تفصیلی ملاقات کی۔ کور کمانڈر سے بات چیت کا ایک طویل سیشن ہوا اور معنی خیز جوابات پر طلبہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی تجزیاتی صلاحیتوں کو سچائی اور جھوٹ کو پہچاننے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کے ذریعے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو سمجھنا اور اس سے بچنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
طلبہ کی جانب سے کہا گیا کہ آج کا یہ سیشن بہت خوش آئند تھا اور ہمیں بہت سی باتیں سیکھنے کو ملیں، ہمیں آج کے اس سیشن سے اندازہ ہوا کہ کس طرح دشمن ففتھ جنریشن وارفیئر کے ذریعے ایک جھوٹا پراپیگنڈا کرتا ہے اور کس طرح ہمیں اس سے مقابلہ کرنا ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر نے ہمیں بہت تسلی سے سنا اور ہمارے تمام سوالات کے تسلی بخش جواب دئیے ہیں۔
دن کے آغاز میں طلبہ کا استقبال کیا گیا اور پاک فوج کی طرف سے لگائے گئے جدید اسلحہ کا معائنہ کروایا گیا۔ طلبہ نے بکتر شکن گاڑی کی سواری کی اور ایس ایم جی و پسٹل سے فائرنگ کی اور لطف اندوز ہوئے، طلبہ نے فوجی جوانوں کی جنگ کے دوران مختلف رکاوٹوں کو عبور کرنے کی مشقوں کا بھی جائزہ لیا۔ طلباء و اساتذہ نے کور کمانڈر کراچی کا شکریہ ادا کیا اور پاک فوج کے ساتھ اظہار جانثاری و یکجہتی کی۔