آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز تاجر کمیونٹی سے ملاقات کی رپورٹ کے مطابق اس دوران تاجروں نے آرمی چیف سے کہا کہ آپ چھ ماہ کراچی کو اون کرلیں ہم آئی ایم ایف کا قرض ختم کردیں گے۔
معروف صنعتکار حنیف گوہر نے کہا کہ تاجروں نے بتایا آج بھی سسٹم کے نام پر زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں، بیورو کریسی تاجروں کو پریشان کررہی ہے۔ تاجر رہنما نے پانی اور ٹوٹی سڑکوں پر احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل سیکٹر میں سڑکوں کا حال دیکھ لیں، پانی مافیا کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
یاد رہے کہ کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ روز آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی معیشت کے تمام اعشاریے مثبت ہیں، اگلے برس تک ان شاء اللہ مزید بہتر ہوں گے، مجھے پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل پر کامل یقین ہے، میں نے گزشتہ نشست میں بھی کہا تھا کہ مایوسی مسلمان کے لیے حرام ہے۔ پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں ہے، جتنی بھی مشکلات ہوں اگر ہم سب مل کر کھڑے ہو جائیں تو کوئی کچھ بگاڑ نہیں سکتا، آپ اپنا پیسا لے کر پاکستان آئیں، عوام بھی کمائے اور ملک بھی ترقی کرے۔