محکمہ موسمیات نے کراچی میں جاری گرمی کی لہر کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود سسٹم کے زیراثر شہر قائد میں اگلے 4 سے 5 روز موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران دوپہر کے وقت لوُ بھی چل سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت نچلی فضا میں ہوا کا دباؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے، بدھ اور جمعرات کو بھی پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، اس دوران بیشتر وقت بلوچستان کی گرم وخشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روزکے مقابلے میں مزید 1.5 ڈگری اضافے سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سمندری ہوائیں متاثر ہونے اوربلوچستان کی گرم و خشک ہوائیں چلنے کے سبب دن کے وقت لو چلنے کے باعث ہیٹ انڈیکس 44 ڈگری رہا۔
کراچی میں گزشتہ روز ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد تھا جبکہ کم سے کم پارہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا تھا