عورت مارچ کراچی کے منتظمین نے 11 مئی کو ہونے والے عورت مارچ کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے
عورت مارچ کراچی کی جانب سےجاری اعلامئے میں اس فیصلے کی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی "جنگ جیسی صورتحال” کو قرار دیا گیا ہے۔
منتظمین نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے بحرانوں کا سب سے زیادہ اثر کمزور طبقوں، خاص طور پر محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین، خواجہ سراؤں پر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جلد بازی یا آسانی سے نہیں کیا گیا۔منتظمین نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال ان ہی افراد کے لیے شدید لاجسٹک اور سیکیورٹی چیلنجز پیدا کر رہی ہے جن کو یہ مارچ بااختیار بنانے کے لیے ہوتا ہے۔
"ایسے ماحول میں ہمیں ان خطرات پر غور کرنا ہوگا جو پہلے ہی غیر متناسب طور پر متاثرہ طبقوں پر مزید بوجھ ڈالتے ہیں، جیسے کہ نقل و حرکت کا خوف، ممکنہ تشدد، اور وہ نگرانی جو ہمیشہ قومی سلامتی کے بیانیے کے ساتھ آتی ہے۔”
منتظمین نے واضح کیا کہ عورت مارچ کراچی ملتوی کیا گیا ہے، منسوخ نہیں۔ ہماری جدوجہد جاری ہے۔
واضح رہے کہ عورت مارچ، جو 2018 سے ہر سال منعقد ہو رہا ہے، پاکستان میں نسوانی مزاحمت کی ایک اہم علامت بن چکا ہے، اور ان آوازوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جو مرکزی بیانیے سے اکثر باہر رہ جاتی ہیں۔