حکومت سندھ نے ٹریفک قوانین کی پاس داری کے لیے اصلاحات کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لیے اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ یکم جون سے شہر قائد میں فینسی نمبرپلیٹ، کالے شیشوں، ریوالونگ لائٹس اور ہوٹرز لگانے پر 5 ہزار سے ایک لاکھ تک جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ اصلاحات کا عمل مکمل ہو گیا، ۔ انھوں نے کہا شہر میں اب قوانین کی خلاف ورزی پر پیسے دو جان چھڑاوٴ والا سسٹم نہیں چلے گا، جدید کیمروں کی مدد سے پیپر لیس سسٹم کے تحت چالان گھر تک پہنچائیں گے۔
مزید پڑھیں:سندھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن جاری، 23 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں ضبط
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق موٹر بائیک کے لیے 5 ہزار، کار کے لیے 10 ہزار، بسوں کے لیے 15 ہزار، اور بڑی گاڑیوں ہیوی ٹریفک کے لیے 20 ہزار روپے کے جرمانوں کی تجویز دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کا حصول بھی اب آسان نہیں ہوگا، کراچی ڈرائیونگ انسٹیوٹ کے تحت 30 گھنٹے ڈرائیونگ کا ٹیسٹ دینا ہوگا۔ انھوں نے کہا ہیوی ٹریفک کا بھی علاج کر رہے ہیں۔ تاہم، ڈی آئی جی ٹریفک نے شکوہ کیا کہ سندھ میں ٹریفک حادثات سے سب سے زیادہ اموات ضلع گھوٹکی میں ہوتی ہیں، تاہم میڈیا رپورٹ نہیں کرتا۔