غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے کیس میں ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا ہے، عدالت نے ملزم ارمغان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر سائبر کرائم کی تحویل میں دے دیا، عدالت نے جیل حکام کو ارمغان کی کسٹڈی سائبر کرائم حکام کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
اس سے قبل کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
عدالت میں ملزم ارمغان کے خلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں سائبر کرائم کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کے خلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور ڈیجیٹل کرنسی کی منتقلی کا الزام ہے، ملزم سے تکنیکی تحقیقات کے لئے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ملزم ابھی کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم دوسرے مقدمے میں جیل میں ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کونسی جیل میں ہے؟ ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔