لندن پولیس نے بھارتی انتہا پسند مظاہرین کی پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب بڑھنے کی کوشش ناکام بنادی، پولیس نے چار بھارتی مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت تناؤ بیرون ممالک بھی دونوں ممالک کے شہریوں تک پھیلنے لگا۔ لندن پولیس نے پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب بڑھنے والے بھارتی انتہا پسند مظاہرین کو روک دیا اور 4 انتہا پسند بھارتی مظاہرین کو ہنگامہ آرائی کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن کے باہر بھارتی انتہا پسندوں کے جانب سے ڈرامہ رچانے کی کوشش کی گئی تاہم لندن پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے بھارتیوں کے احتجاج کے جواب میں ملی نغموں، قومی ترانوں اور پُرجوش نعروں کے ساتھ یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں:پہلگام حملے کی ایف آئی آر،بھارتی حکومت کے کئی جھوٹ بے نقاب ہو گئے
اس موقع پر برطانوی پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر بھارت کی آبی جارحیت، کشمیر پر مظالم اور خطے میں دہشت گردی کے اقدامات کے خلاف آواز بلند کی۔ پاکستانی مظاہرین نے آبی دہشت گردی نامنظور، بھارت بین الاقوامی دہشت گرد جیسے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن سے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
لندن میں بھارتیوں کے پاکستان مخالف مظاہرے کے دوران پاکستانیوں نے مظاہرین کو "ابھینندن چائے” کی پیشکش کر دی۔ پاکستان کے حامی شہریوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر چائے کا اسٹال لگا دیا، چائے کے اسٹال پر آپریشن سوئفٹ ریٹارڈ میں پکڑے جانے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن کے پوسٹر آویزاں کیے گئے۔