Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاکستان میں ڈیجیٹل یا کرپٹو کرنسی کو قانونی شکل نہ دینے کے اپنے پرانے موقف پر قائم ہیں، اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی شکل نہ دینے کے اپنے پرانے موقف پر قائم ہیں اور تمام مالیاتی اداروں کو کرپٹو میں لین دین کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستان میں کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی شکل دینے کے بارے میں کیا حکومتی سطح پر کوئی تبدیلی لائی جا رہی ہے یا نہیں اس بارے میں برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں ترجمان اسٹیٹ بینک نور احمد نے ان کی جانب سے ماضی میں ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کے متعلق جاری سرکولرز اور نوٹسز کے ساتھ تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹو کرنسی کے حوالے سے موقف غیر تبدیل شدہ ہے.

کرپٹو کرنسی پر اسٹیٹ بینک کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے مرکزی بینک کے ترجمان نور احمد نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے ماضی میں سرکلرز جاری کرکے تمام مالیاتی اداروں کو کرپٹو کرنسی میں لین دین کرنے سے گریز کرنے کا کہا گیا تھا ان سرکولرز میں تمام بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں یا ڈویلپمنٹ فنانشل انسٹی ٹیوٹس، مائیکرو فنانس بینکوں، پیمنٹ سسٹم آپریٹرز، پیمنٹ سروس پرووائیڈرز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کرپٹو کرنسیز کو پراسیس کرنے، استعمال کرنے، تجارت کرنے، رکھنے، ویلیو منتقل کرنے ، فروغ دینے اور سرمایہ کاری کرنے یا خرید و فروخت کی ادائیگیوں میں سہولت فراہم کرنے سے گریز کریں.

ترجمان سٹیٹ بینک نے سرکولرز کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ بینک ہمیشہ عوام الناس کو کرپٹو کرنسی کو قانونی تحفظ نہ ہونے کے باعث، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے ساتھ منسلک شدید خطرات اور نقصان کے متعلق خبردار کرتا رہتا ہے

ترجمان اسٹیٹ بینک نے کہا کہ مرکزی بینک کرپٹو کرنسی پر اپنے سابق موقف پر قائم ہے. پاکستان میں کرپٹو کرنسی یا ڈجیٹل کرنسی کو قانونی شکل دینے کے متعلق بڑے عرصے سے خبریں گردش کررہی ہیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہمیشہ ان خبروں کی تردید کی ہے.

واضح رہے کہ وسطی امریکہ کا ملک ایل سلواڈور دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے 2021 میں بٹ کوائن کو قانونی کرنسی کے طور پر اپنایا ہے2021 میں ملک کے صدر نے ایل سلواڈور کی ڈالرائزڈ، ترسیلات زر پر انحصار کرنے والی معیشت کو بحال کرنے کے لیے بٹ کوائن کا بطور کرنسی سہارا لیا. عالمی اداروں کے اس کرنسی کی قیمت میں تبدیلی کے انتباہات کے باوجود انہوں نے کرپٹو کرنسی میں ٹیکس دہندگان کی کروڑوں ڈالر کی رقم کی سرمایہ کاری کر ڈالی، وسطی افریقی جمہوریہ نے بھی 2022 میں بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دی۔

سوئٹزرلینڈ، سنگاپور، اور پرتگال جیسے ممالک کرپٹو کرنسیز کے لیے ٹیکس کے حوالے سے سازگار قوانین رکھتے ہیں مالٹا کو ”بلاک چین جزیرہ“ کہا جاتا ہے کیونکہ اس نے کرپٹو کمپنیز کے لیے آسان قواعد بنائے۔

انڈیا نے ڈیجیٹل کرنسی کو مکمل قانونی حیثیت نہیں دی لیکن کرپٹو کے لین دین پر ٹیکس عائد کیا ہے آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ میں کرپٹو کرنسی استعمال کرنے پر پابندی نہیں مگر اس کے استعمال پر مخصوص قوانین اور ٹیکس لاگو ہیں چین ‘ سعودی عرب اور افغانستان نے کرپٹو کرنسی پر مکمل پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

Share this news
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts