میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں پانی ضائع کرنے والوں کو سزا دینے اور جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
جیو نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 21 اپریل کو سٹی کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں پانی کے ضیاع کے معاملے پر بحث ہو گی، اجلاس میں پانی کے ضیاع کے معاملے کو ریگولیٹ کریں گے، کوشش کریں گے کہ شہر میں پانی کا ضیاع نہ ہو، ضیاع کرنے والوں کے خلاف جرمانے ہوں اور سزا بھی دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی پانی ضائع ہو رہا ہے، اس کے خلاف بھی کارروائی کریں گے، ہائیڈرنٹس اور ٹینکر میں بھی اگر پانی کی لیکیج کے باعث پانی کا ضیاع ہو گا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں پانی کا بحران, خشک سالی اور ممکنہ حل
انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر پانی کی لائنوں میں والو لگائے ہیں، صفورا کے علاقے میں لیکیج کی وجہ سے پانی ضائع ہو رہا تھا، رمضان کے فوری بعد صفورا کے علاقے میں لیکیج کو ختم کیا اور پانی کو ضائع ہونے سے بچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹھا پانی بہت بڑی نعمت ہے، شہر کو بہتر انداز میں مینج کرنے کی کوشش کریں گے، کوئی سیاسی مقاصد نہیں، سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کر کے نرسری میں استعمال کر رہے ہیں، کے ایم سی کی ورک فورس بہت ہے، ورک نہ کرے تو الگ بات ہے، جس کی پکی نوکری ہوتی ہے اسے نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے۔